سپریم کورٹ کا کرک مندر کو نقصان پہنچانے والوں سے ریکوری روکنے کا حکم

اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ نے اقلیتی رہنما ایم این اے رمیش کمار کی استدعا منظور کرتے ہوئے کرک تیری مندر کو نقصان پہنچانے والوں سے نقصان کی ریکوری روکنے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ میں جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کرک مندر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

عدالت عظمیٰ میں اقلیتی رہنما ایم این اے رمیش کمار پیش ہوئے۔رمیش کمار نے عدالت میں کہا کہ کرک تیری مندرکی تعمیر مکمل ہوچکی ہے، مندرکی بحالی اور تزئین و آرائش بھی کردی گئی ہے۔رمیش کمار نے کہا کہ کرک مندرکے علاقہ میں اب ہندئوں اورمسلمانوں میں اچھی ہم آہنگی ہے، عدالت نے مندر کو نقصان پہنچانے والوں سے ریکوری کا حکم دیا تھا۔

رمیش کمار نے استدعا کی کہ صوبائی حکومت نے مندرکو نقصان پہنچانے والوں سے کچھ ریکوریاں کی ہیں، مناسب سمجھیں تو یہ ریکوری کا سلسلہ روک دیا جائے۔رمیش کمار نے عدالت کو بتایا کہ مندر کو نقصان پہنچانے والوں نے معافی مانگ لی ہے۔عدالت نے رمیش کمار کی استدعا پر مندر نذرآتش کرنے والوں سے ریکوری روکنے کا حکم دے دیا۔