دوحہ(صباح نیوز)فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ قطر میں کھیلے گئے گزشتہ سال 2022 کے ورلڈکپ فائنل کو 1.5 بلین یعنی(ڈیڑھ ارب)افراد نے دیکھا۔ فیفا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 18 دسمبر کو شیڈول قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان فائنل 88 ہزار 966 افراد نے دیکھا جبکہ دنیا بھر سے 1.5 یعنی(ڈیڑھ ارب)افراد نے لائیو اسٹریمنگ اور ٹی وی کے ذریعے میچ دیکھا۔
فیفا ورلڈکپ 2022 کے دوران اسٹیڈیم میں 3.4 ملین یعنی (34 لاکھ) افراد نے دیکھا، سال 2018 کے اندر یہ تعداد 3 ملین ہے، اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 172 گولز ہوئے جس نے 1998 اور 2014 میں گولز کی تعداد 171 تھی۔ فرانس اور ارجنٹینا کے درمیان فیفا ورلڈکپ 2022 کا فائنل سنسنی خیز ثابت ہوا، مقررہ 90 منٹ کے کھیل کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2، 2 گول سے برابر رہا۔
پینلٹیز سے قبل کھیلے جانے والے پہلے اضافی ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول اسکور نہ کرسکیں۔ البتہ دوسرے اضافی ہاف (108 ویں منٹ) میں میسی نے ارجنٹینا کو ایک بار برتری دلائی جس کو امباپے نے میچ کے آخر لمحات (118 ویں منٹ) میں برابر کردیا۔ تاریخی فائنل کا فیصلہ پینلٹیز پر ہوا، جس میں ارجنٹینا نے فرانس کو 2-4 سے شکست دیکر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔