ممبئی(صباح نیوز) منشیات کیس میں گرفتار بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو ممبئی ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت منظور ہونے کے بعد تقریبا ایک ماہ بعد جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت سے جاری رہائی کے احکامات کی کاپی مقررہ وقت پر جیل پہنچائی جانی تھی تاہم ایسا نہ ہونے کی وجہ سے ان کی رہائی عمل میں نہ آسکی تھی جس کی وجہ سے آریان کو مزید ایک دن جیل میں رہنا پڑا تھا۔تاہم اب تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
رہائی کے وقت آریان نے سفید رنگ کی شرٹ اور نیلے رنگ کا کوٹ پہن رکھا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کو جیل سے شاہ رخ خان کے باڈی گارڈ روی گاڑی میں لیکر روانہ ہوئے، آریان خان جیل سے سیدھے اپنی رہائش گاہ منت پہنچے۔آریان خان کی رہائی کے موقع پر آرتھر روڈ جیل کے باہر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔
شاہ رخ کے بیٹے کی ایک جھلک کو دیکھنے کے لیے اداکار کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد بھی سڑکوں پر موجود تھی۔ منت پہنچنے پر شاہ رخ خان کے مداحوں نے ڈھول کی تھاپ میں آریان خان کا استقبال کیا۔آریان خان پر عائد ضمانت کی شرائط میں، ان کو اپنا پاسپورٹ عدالت کے حوالے کرنا پڑا، وہ تفتیشی افسر کی اجازت کے بغیر ممبئی سے باہر جانے کے مجاز نہیں ہوں گے، میڈیا میں کسی بھی قسم کا کوئی بیان نہیں دیں گے اور ہر جمعہ کے دن ان کے لیے لازمی ہو گا کہ وہ ای سی بی کے دفتر میں حاضری دیں۔بالی ووڈ کے کنگ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت ممتاز اداکارہ جوہی چالہ نے دی ہے اور انہوں نے ہی ان کے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کیے ہیں۔
خیال رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی)نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا۔آریان خان منشیات کیس میں 8 اکتوبر سے جیل میں تھے اور دو روز قبل ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض آریان خان کی ضمانت منظور کی گئی تھی۔