غزہ سے فلسطینیوں کی نقل مکانی علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہے،عبد اللہ دوم


برلن(صباح نیوز) اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی نقل مکانی علاقائی استحکام کے لئے خطرہ ہے۔ انہوں نے یہ انتباہ گزشتہ روز برلن میں سبکدوش ہونے والے جرمن چانسلر اولاف شولز کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔

بات چیت میں اردن اور جرمنی کے درمیان مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔انہوں نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جنگ کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی المیے کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کو بحال کرنے اور انسانی امداد کے داخلے کو دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت کی بھی نشاندہی کی۔ ملاقات میں مغربی کنارے میں خطرناک کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ عبداللہ نے اس بات پر زور دیا کہ القدس میں اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات پر حملے کشیدگی کو بڑھا رہے اور امن کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ خطے میں امن کا واحد راستہ دو ریاستی حل ہے جو تمام فریقین کیلئیسلامتی اور امن کی ضمانت دیتا ہے۔اردن کے بادشاہ نے شام کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کی کوششوں کی حمایت کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شام کا استحکام پورے خطے کے استحکام کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے شامی پناہ گزینوں کو بنیادی خدمات فراہم کرنے میں اردن کی مسلسل حمایت پر جرمنی کا شکریہ ادا کیا۔