اناطولیہ (صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ترکیہ کے نائب صدر سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعلیمی منصوبوں اور معاشی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ترکیہ میں ہونے والے ڈپلومیسی فورم 2025 کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر نائب صدر جودت یلماز اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز میں ملاقات ہوئی، جودت یلماز نے فورم میں شرکت پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ دلچسپی کے امور اور تعاون بڑھانے پر گفتگو کی جبکہ معاشی امکانات، تجارت، تعلیم اور ہنر کی ترقی پر مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا، مشترکہ تعلیمی منصوبوں اور معاشی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ترکیہ کے نائب صدر کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نائب صدر ترکیہ سے گفتگو میں کہا کہ ترکیہ پاکستان دو بھائی ہیں، دونوں رہنمائوں نے ہنر مند افرادی قوت اور گلوبل سکل میپنگ میں تعاون پر بات چیت کی، مریم نواز نے نائب صدر ترکیہ کو صوبہ پنجاب میں تعلیم اور ہنر کی ترقی کے اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا۔مریم نواز نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے ترکیہ کے نائب صدر کے لئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔