جموں وکشمیر میں الیکشن کرائے جائیں،ڈاکٹر فاروق عبداللہ


سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ جموں وکشمیر میں   انتخابات کرائے جائیں  کیونکہ انتخابات سے ہی لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہے۔انہوں نے کہاکہ راہول گاندھی مذہبی منافرت اور نفرت کو ختم کرنے کی خاطر ہی بھارت جوڑا یاترا پر نکلا ہے جو بڑی خوشی کی بات ہے۔

بارہ مولہ میں میڈیا  سے بات چیت کے دوران ڈاکٹر فارو ق عبداللہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے طلب کی گئی میٹنگ میں نیشنل کانفرنس حصہ لے گی۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سامنے اپنی بات رکھے گی ۔ان کے مطابق نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر میں جلد ازجلد انتخابات  کرانے کے حق میں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ   انتخابات  سے ہی عوامی حکومت  بنتی ہے اور لوگوں کے مشکلات کا ازالہ بھی ممکن ہوتا ہے کیونکہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ وہ کام نہیں کرسکتی جو چنی ہوئی سرکار کرتی ہیں۔ نیشنل کانفرنس آنے والے اسمبلی چناؤ میں بھر پور طریقے سے حصہ لے گی۔

راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں فاروق عبداللہ نے کہاکہ نفرت کی دیواروں کو توڑنے ، مذہبی تفرق کو ختم کرنے کی خاطر ہی راہول گاندھی یاترا پر نکلا ہے جو خوشی کی بات ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت جوڑو یاترا میں لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔