کوئٹہ(صباح نیوز)کوئٹہ میں گھر کے اندرگیس لیکج کے باعث دھماکے میں 5بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اتوار کو علی الصبح گیس لیکج کا واقعہ سیٹیلائٹ ٹائون میں پیش آیا جہاں مسلم اتحاد کالونی میں رہائش پذیر شرف الدین کے گھر میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا۔دھماکے میں شراف الدین اور اس کے 5 بچے جھلس کر شدید زخمی ہوگئے ،جنہیں فوری طور پر سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے ۔
جاں بحق ہونے والوں میں 40 سالہ شراف الدین، 12 سالہ بیٹی عافیہ بی بی، 6 سالہ عائشہ بی بی، 14 سالہ عاحبہ، 4 سالہ زیت اللہ اور 7 سالہ ہیبت اللہ شامل ہیں لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں ۔