سابق مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم کو بڑا ریلیف مل گیا، سپریم کورٹ نے نیب کی رپورٹ پر نام پی آئی اے نجکاری کیس سے نکال دیا

اسلام آباد(صباح نیوز)سابق مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم کو نیب اور سپریم کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا، نیب نے شجاعت عظیم کیخلاف جاری کارروائی ختم کر دی، نیب نے کارروائی ختم کرنے کا تحریری فیصلہ عدالت میں پیش کر دیا۔

سپریم کورٹ نے نیب کی رپورٹ پر شجاعت عظیم کا نام پی آئی اے نجکاری کیس سے نکال دیا۔ سپریم کورٹ میں قومی ایئرلائن کی بھرتیوں کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا شجاعت عظیم پہلے 2013 پھر 2014 سے 2017 تک مشیر ہوابازی رہے، بطور مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم کوئی تنخواہ یا مراعات نہیں لیتے ، سپریم کورٹ نے نیب کی رپورٹ پر شجاعت عظیم کا نام پی آئی اے نجکاری کیس سے نکال دیا۔

دوران سماعت سپریم کورٹ نے پی آئی اے میں 250 ملازمین مزید بھرتی کرنے کی وجوہات طلب کرتے ہوئے کہا پی آئی اے میں پہلے ہی ضرورت سے زائد ملازمین ہیں تو مزید بھرتیاں کیوں ضروری ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا پی آئی اے کے بیرون ملک بھی ملازمین ہیں۔ تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں گے کہ کیوں مزید بھرتیاں درکار ہیں، پی آئی اے حکومت سے سالانہ 40 ملین ڈالر مانگ رہی ہے۔  عدالت نے کیس کی سماعت  19 جنوری تک ملتوی کردی۔