قلعہ سیف اللہ(صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں ٹریفک حادثے میں خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے، خواتین اور بچوں سمیت 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ اور مسلم باغ کے درمیان نیشنل ہائی وے پر گزشتہ روز توروسکی کے مقام پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، حادثے میں مسافر بس میں سوار 6 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 28 افراد زخمی ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ لیاقت علی کے مطابق ٹریفک حادثے کی حتمی رپورٹ جاری کردی، حادثے میں 3 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے میں 7 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ 21 افراد کو معمولی زخمی آئے، شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی سی قلعہ سیف اللہ لیاقت علی نے مزید بتایا کہ منی ٹرک خراب ہونے کی وجہ سے سڑک کنارے کھڑا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی مسافر بس تیزرفتاری کی وجہ سے بے قابو ہوکر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد مسافر بس کا ڈرائیور نصیب اللہ فرار ہوگیا ہے جبکہ بس کے کنڈیکٹر حمید اللہ کو گرفتار کرلیا گیا، واقعے کا مقدمہ مسلم باغ لیویز تھانے میں درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔