اسلام آباد(صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشیں دنیا کیلئے ایک مثال ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے مکمل اور جڑ سے خاتمے کیلئے متحد ہے ، شہدا قوم کے محسن ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدا کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خانیوال میں فائرنگ میں شہید ہونے والے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر اور انسپکٹر کے ورثا سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس کیا۔ صدر مملکت نے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر محمد نوید صادق سیال شہید کی اہلیہ سے فون پر اظہارِ تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے اہلِ خانہ کو ہمت، صبر اور بہادری سے صدمہ برداشت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت نے انسپکٹر ناصر عباسی بھٹی شہید کی اہلیہ سے بھی فون پر اظہار تعزیت کیا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے شہید کی قوم کیلئے خدمات کو سراہا ، اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صدر مملکت نے شہدا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشیں دنیا کیلئے ایک مثال ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے مکمل اور جڑ سے خاتمے کیلئے متحد ہے ، شہدا قوم کے محسن ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدا کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے شہدا کیلئے بلندی درجات اور اہل ِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔