اسلام آباد(صباح نیوز)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے وفاقی حکومت کا رات 8 بجے دکانیں اور 10 بجے شادی ہالز بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا۔ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مطابق رات 8 بجے دکانیں اور 10 بجے شادی ہال بند کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں۔
صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ بدترین معاشی صورتحال میں کاروبار کو بند کرنا کسی صورت ممکن نہیں، حکومت کے ان نمائشی اقدامات سے توانائی کی بچت ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے زبردستی دکانیں بند کروانے کی کوشش کی تو مزاحمت کریں گے،
بجلی کا استعمال کم کر دیں گے مگر کاروبار بند نہیں کریں گے۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے توانائی بچت پروگرام کے تحت ملک بھر میں شادی ہالز رات 10 اور مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔