وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب، ملکی سیاسی، معاشی و امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل منگل کے روز طلب کرلیا ہے، جس کا 4 نکاتی ایجنڈا بھی مرتب کرلیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ  کے اجلاس میں ملک کی سیاسی، معاشی  صورتحال، امن و امان کی صورتحال پر غور ہوگا، اور وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس کا 4 نکاتی ایجنڈا مرتب کرلیا گیا ہے۔

 منگل کو ہونے والے اجلاس میں سرمایہ کاری بورڈ ریگولیٹری قواعد پربورڈ آف انویسٹمنٹ بریفنگ ایجنڈے کا حصہ ہوگی، اور وفاقی کابینہ ہارڈ شپ کیٹیگری کے حوالے سے ایک دوا کی منظوری بھی دے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ   وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 20 ادویات کی قیمتوں میں کمی، 54 ادویات کی قیمتوں کے تعین اور ارکان پارلیمنٹ کی 2020 کی ٹیکس ڈائریکٹری کی بھی منظوری دی جائے گی۔