اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2023میں ہم سب کو مل کر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے،یہ وعدہ کریں کہ ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،یہ ملک ہماری پرکھوں کی امانت ہے، ہم اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی میں اپنا خون پسینہ ایک کریں گے،نئے سال کا آغاز پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری، سیلاب زدگان کی بحالی، دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کی تکلیفوں میں کمی کیلئے شبانہ روز محنت کے عہد سے کر رہا ہوں،
ان خیالا ت کااظہار وزیر اعظم شہبازشریف نے سالِ نو(2023) کے آغاز کے موقع پراپنے پیغام میں کیا ،انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت اور عوام کے وسیع تر مفاد میں جب ہم نے آئینی راستہ اپناتے ہوئے حکومت سنبھالی تو ملک میں آئینی بحران اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے اتحادی حکومت نے ملکی سلامتی کیلئے اپنی سیاست قربان کرتے ہوئے حالات پر قابو پانے کیلئے شبانہ روز محنت کی اور اللہ کے فضل و کرم سے ہم اس میں کافی حد تک کامیاب ہوئے۔
اسی دوران موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ملک میں بدترین سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس سے سینکڑوں لوگ لقمہ اجل بنے، ہزاروں زخمی ہوئے، مجموعی طور پر 3 کروڑ سے زائد لوگ اس سے متاثر ہوئے اور مالی اعتبار سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔۔وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نئے سال کے آغاز پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
میری یہ دعا ہے کہ 2023 کا سورج ہمارے ملک پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی خوشخبری لے کر طلوع ہو۔نئے سال میں ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں گزشتہ سال کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات ہو جس میں ہم ماضی کے غموں کو بھلا کر ایک نئے اور روشن مستقبل کا آغاز کریں۔میری یہ بھی دعا ہے کہ 2022 میں دنیا کو جن معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے کیلئے مثبت پیش رفت ہو۔نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، جنگ، دھشتگردی، جرم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔گزشتہ سال وطنِ عزیز کو متعدد مشکلات کا سامنا رہا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مدد کی نگرانی میں نے خود بطور خادمِ پاکستان کی اور غموں میں گھرے لوگوں کے پاس جا کر ان کے درد کو کم کرنے کی کوشش کی۔مجھ سمیت اتحادی حکومت کے ہر عہدیدار نے دنیا کے کونے کونے میں سیلاب زدگان کی پکار پہنچائی۔میں نئے سال کا آغاز پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری، سیلاب زدگان کی بحالی، دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کی تکلیفوں میں کمی کیلئے شبانہ روز محنت کے عہد سے کر رہا ہوں۔2023 میں ہم سب کو مل کر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے۔
وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آئیں، نئے سال کے آغاز میں ہم یہ وعدہ کریں کہ اس ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔یہ ملک ہماری پرکھوں کی امانت ہے، ہم اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی میں اپنا خون پسینہ ایک کریں گے۔