بھارتی چیف آف ڈیفنس بپن راوت کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ ،11 افراد ہلاک ،راوت شدید زخمی


نئی دہلی(صباح نیوز)بھارتی ریاست تمل ناڈو میں بھارتی  فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے ۔  ہیلی کاپٹرمیں سوار11 افراد مارے گئے ہیں جبکہ بھارتی چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت شدید زخمی  ہوگئے ہیں۔

بھارتی فضائیہ کے مطابق چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر( ایم آئی-17 وی فائیو ہیلی کاپٹر) جنوبی ریاست تمل ناڈو کے علاقے کنور میں گر کر تباہ ہو گیا ہے ۔

ٹوئٹر پر بھارتی فضائیہ نے نے ایک بیان میں کہا کہ 63 سالہ چیف آف ڈیفنس سٹاف روسی ساختہ ایم آئی 17 وی 5 ہیلی کاپٹر پر سفر کر رہے تھے جو آج  تمل ناڈو کے علاقے کنور کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ دیگر سکیورٹی افسران کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں سوار تھے اور ڈیفنس سروسز سٹاف کالج جا رہے تھے۔جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا روات، برگیڈیر ایل ایس اددر، لیفٹیننٹ کرنل ہرجیندر سنگھ، این کے گروسیوک سنگھ، این کے جتیندر کمار، لائنس نائک وویک کمار، لانس نائک بی سائی تیجا اور حولدار ستپال ہیلی کاپٹر پر سوار تھے۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ ٹائمز نوکے مطابق ہیلی کاپٹر میں  پائلٹ سمیت کل 14 افراد سوار تھے۔بھارتی نیوز چینلز پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں ضلع نیلگری میں کالج کے قریب ایک گھنے جنگلات والے علاقے میں حادثے کی جگہ پر ایک ملبے کو لگی ہوئی آگ کو دکھایا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر نے بدھ کی سہ پہر سلور ایئر فورس سٹیشن سے اڑان بھری اور کچھ مسافروں کو علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا تھا۔

جنرل بپن راوت بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس سٹاف ہیں۔ انہیں31 دسمبر 2016 کو اس عہدے پر فائز کیا گیا تھا۔ یہ عہدہ بھارتی حکومت نے 2019 میں قائم کیا تھا اور انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کے قریب سمجھا جاتا ہے۔وہ ایک فوجی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، جن کی کئی نسلیں بھارتی مسلح افواج میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔بپن راوت، جنہوں نے چار دہائیوں تک خدمات انجام دیں، بھارت کے زیر انتظام کشمیر اور چین کی سرحد سے متصل لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے ساتھ فورسز کی کمان کرتے رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں راشٹریا رائفلز کی کمانڈ بھی کرچکے ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی فوجی افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے جبکہ مقامی لوگوں نے 80 فیصد جھلسنے والی 2 لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا۔سابق بھارتی آرمی چیف جنرل جے جے سنگھ نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لاشیں جھلسی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے۔ہیلی کاپٹر دوپہر 12 بج کر 20 منٹ پر تباہ ہوا جس کی اطلاع مقامی افراد نے ضلعی انتظامیہ کو دی جس کے بعد دفاعی اسٹیبلشمنٹ کو اس کا علم ہوا۔ انڈیا ٹو ڈے کا کہنا ہے کہ اب تک تین افراد کو بچا لیا گیا ہے