کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر گوادر میں حق دو تحریک کیخلاف کریک ڈائون، خواتین سمیت کارکنان کی گرفتاریوں، شیلنگ،لاٹھی چارج کیخلاف جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے جمعہ کو کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ صوبائی اعلامیہ کے مطابق مظاہروں سے مرکزی،صوبائی اور مقامی قائدین خطاب کریں گے ۔
صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے حق دو گوادر تحریک کی جانب سے دوماہ سے زائد عرصے سے پرامن احتجاجی دھرنے اور اپنے جائز مطالبات کیلئے سڑکوں پر بیٹھے ہوئے بچوں،خواتین،جوانوں سمیت نہتے عوام پر تشدد کو فسطائیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں اپنے جائز حقوق کیلئے پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کاحق ہے حکومت عوام کو اپنے حقوق دینے کی بجائے تشدد کا نشانہ بناکر آمریت کو بھی مات دیدی ہے۔
جماعت اسلامی سندھ اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے جمعہ کو کراچی تا کشمور بھرپور مظاہرے کرے گی سندھ کے عوام بلوچ بھائیوں کی جدوجہد کی تائید اور ظالموں کی مذمت کیلئے منعقدہ مظاہروں میں بھرپور شرکت کرکے اپنی بیداری کا ثبوت دیں۔