اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمدشہباز شریف نے ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ خطے میں رابطوں کے منصوبوں سے نہ صرف تجارتی کمیونیٹیز کوقریب لانے میں مددملے گی بلکہ اس سے دونوںممالک اورخطہ میں امن اورخوشحالی کے نئے دورکاآغازبھی ہوگا۔
وزیراعظم محمدشہبازشریف نے ازبکستان کے نائب وزیراعظم، وزیرسرمایہ کاری وبیرونی تجارت خودجائیوف جمشیدعبدوحکیموف کی قیادت میں ازبکستان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔گزشتہ ستمبرمیں سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی اجلاس اورایشیا میں رابطوں اوراعتماد سازی پرمبنی اقدامات پراکتوبر2022 میں قزاخستان میں ہونے والی چھٹی سربراہی اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف سے اپنی ملاقاتوں کاحوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے دونوں برادرممالک کے درمیان مثالی دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کااعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان سڑکوں اورریلویز کے زریعہ وسطی ایشیا تک رسائی کی پیشکش کررہاہے۔انہوں نے امیدظاہرکی کہ خطے میں رابطوں کے ان منصوبوں سے نہ صرف تجارتی کمیونیٹیز کوقریب لانے میں مددملے گی بلکہ اس سے دونوںممالک اورخطہ میں امن اورخوشحالی کے نئے دورکاآغازبھی ہوگا۔ازبکستان کے وفد نے وزیراعظم کو پاکستان میں اقتصادیات کی وزارتوں سے ہونے والی ملاقاتوں بارے بتایا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اورمعیشت کے شعبوں میں تعلقات کوفروغ دینے پراتفاق ہواہے۔
ازبکستان کے نائب وزیراعظم، وزیرسرمایہ کاری وبیرونی تجارت خودجائیوف جمشیدعبدوحکیموف نے وزیراعظم کو مختلف شعبوں میں پاکستان اورازبکستان کے تاجرگروپوں کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں اوراجلاسوں سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم نے دونوںممالک کی بزنس کمیونیٹیز کے درمیان تجارتی روابط کے قیام کیلئے ثمرآوربات چیت کوسراہا اورکہاکہ اس سے دوطرفہ تجارت اورسرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
ازبکستان کے وفد نے وزیراعظم کاشکریہ اداکیا اوردونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دوستی کو مزید گہرا کرنے اوررابطوں میں بڑھوتری کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوستی وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے اور ازبکستان کے نائب وزیراعظم کی قیادت میں وفد کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی ہورہی ہے۔