کرکٹ بورڈ میں تبدیلیوں سے کھلاڑیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، بابر اعظم

کراچی(صباح نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ میں حالیہ تبدیلیوں سے کھلاڑیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ٹیم میں اتحاد ہے، جلد کم بیک کریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں تبدیلیاں ہوئی ہیں لیکن اس کا اثر کھلاڑیوں پر نہیں پڑے گا، ہماری توجہ گرائونڈ کے اندر ہے کہ ہم نے کیسے میچ جیتنا ہے۔کپتان نے کہا کہ پچھلی سیریز میں چھوٹی چھوٹی غلطیوں کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے تھے، وہ غلطیاں ٹھیک کریں گے اور اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے لیے ابھی فائنل الیون کا فیصلہ نہیں کیا۔ شاہد آفریدی کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیف سلیکٹر بننے کے بعد ٹیم میں تبدیلیوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹیم میں تبدیلیوں کے حوالے سے مجھ سے مشورہ لیا گیا تھا،

ان کا اپنا مائنڈ سٹ ہے، میں نے اپنی رائے دی تھی۔ بابر اعظم نے کہا کہ جو ٹیم کے لیے بہتر ہوگا، ہم وہی کریں گے، ٹیم میں اتحاد ہے۔ شاہین آفریدی کی جانب سے مخصوص ٹوئٹ کے حوالے سے صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر ایک کا اپنا مائنڈ سٹ ہوتا ہے، کھلاڑی ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، جب میچ ہارتے ہیں تو ایسی چیزیں ہوتی رہتی ہیں، لیکن کپتان ہونے کے ناطے میں کوشش کرتا ہوں کہ میں اپنے حد تک محدود رہوں۔ پاک نیوزی لینڈ سیریز میں دبائو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں میچ کا دبائو نہیں لیتا، مجھے اپنے اوپر اور ٹیم پر یقین ہے، مانتاہوں کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، دبائو لینے سے ٹیم کا مورال مزید نیچے چلا جاتا ہے، لیکن امید ہے کہ ہم دوبارہ کم بیک کریں گے۔ بابر اعظم نے کہا کہ چیف سلیکٹر سے مشاورت کر کے میچ کی فائنل الیون طے کریں گے اور سیریز کا اچھا آغاز کرنے کی کوشش کریں گے۔ انگلینڈ کے خلاف ٹیم سلیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ  انگلینڈ کے خلاف جو بہتر ٹیم لگی وہ کھلائی، ٹیسٹ میچ میں ایک غلطی سب تبدیل کر دیتی ہے۔