ڈھاکہ ٹیسٹ’پاکستان کی اننگز 300 پر ڈیکلیئر،بنگلا دیش کے 7وکٹوں پر 76رنز


ڈھاکہ(صباح نیوز) پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز4وکٹوں کے نقصان پر 300رنز پر ڈیکلیئر کردی جبکہ میزبان ٹیم نے چوتھے روز کے اختتام پر 7وکٹوں کے نقصان پر 76رنز بنالئے ۔پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں بابراعظم، اظہرعلی، رضوان اور فوا د عالم نے نصف سنچریاں سکور کیں۔

ڈھاکا کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان بارش سے متاثرہ ڈھاکا ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے کھیل میں میزبان ٹیم کے 7کھلاڑی صرف 76رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے 6 وکٹیں ساجد علی نے لیں جبکہ ایک کھلاڑی رن آئوٹ ہوا ہے۔بنگلادیش کی اننگز کی شروعات میں ہی اوپنر محمود الحسن جوائے، نجم الحسین شنتو، لٹن داس، شادمان اسلام اور مشفق الرحیم کو ساجد خان نے آئوٹ کیا جبکہ بیٹر مومن الحق کو حسن علی نے رن آئوٹ کیا۔میچ کے چوتھے روز کا آغاز پاکستان کی اننگز سے ہوا جس میں اظہر علی 56رنز کے ساتھ عبادت حسین کی بال پر آئوٹ ہوگئے اور کپتان بابراعظم 76رنز بناکر خالد احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

خراب موسم کی وجہ سے چوتھے روز بھی کھیل کا آغاز تاخیر سے ہوا ہے ۔ تیسرے روز مسلسل بارش کی وجہ سے ایک گیند بھی نہیں پھینکی جا سکی تھی جبکہ پہلے دو روز میں صرف 63.2 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔خیال رہے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔