اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نواز شریف کا مینڈیٹ چوری کر کے ملک پر مسلط ہوئے تھے، جو چیز اپنی نہ ہو اصل مالک کو واپس کرنا پڑتی ہے۔ جمعہ کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ کو پتہ ہے کہ آپ کا اقتدار ایوان میں اکثریت کھونے سے ختم ہوا، عمران خان نے اپنی حکومت کو اپنے جھوٹ، کرپشن اور نااہلی سے ختم کیا، 100 فیصد پاکستانی کہتے ہیں کہ ملکی مسائل کا حل صرف شفاف الیکشن ہیں مگر آئینی مدت پوری ہونے پر اکتوبر 2023میں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام دشمنی اور آئین شکنی کی اور ملک کے مفاد کے ساتھ کھیلا۔ انہوں نے کہا کہ آج 23 دسمبر ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں؟ انہوں نے کہا کہ ملک کو دلدل میں دھنسانے والا پوچھتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، ملک کو تاریخی قرضوں کی بھینٹ چڑھا دیا اور کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معاشی تباہی کی، عوام کو تاریخی مہنگائی کی دلدل میں دھنسایا اور اب پوچھتے ہو کہ مجھے کیوں نکالا؟وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے قومی مفاد سے کھیل کھیلا، کشمیر کا سودا کیا اور پوچھتے ہیں مجھے کیوں نکالا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک اور عوام کی نہیں عمران خان کی انا تکبر، فساد، سازش اور لوٹ مار کی جنگ ہے۔ عمران خان ! یہ جنگ احتساب سے بھاگنے اور ملک اور توشہ خانہ لوٹے والوں کے خلاف ہے، عمران صاحب! آپ کو ڈیل ملے گی اور نہ ہی ڈھیل۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی لوٹ مار کی حکومت کو عدم اعتماد کے ووٹ کے آئینی طریقے سے ہٹایا گیا، بہروپیے کا اصل چہرہ دیکھ کر ان کے اتحادیوں اور ان کے لوگوں نے اسے ایوان سے باہر نکالا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی لوٹ مار نے ملک کا روزگار تباہ کیا ۔
علاوہ ازیں جمعہ کو اسلام آباد خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میںوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا الحمد اللہ، آئی سی ٹی پولیس، ایگل سکواڈ کو سلام، دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ادائیگی فرض میں شہید عدیل حسین، ان کے زخمی ساتھی قوم کے ہیرو ہیں، بدامنی سے نجات میں ہی پاکستان کی نجات اور خوشحالی ہے۔انہوں نے لواحقین کے صبر، شہید کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔