پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کیخلاف کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چو ہدری پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کیخلاف کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کے لئے5 رکنی لارجر بنچ تشکیل دیا تھا جس کی سربراہی جسٹس عابدعزیز شیخ کو دی گئی تھی۔بینچ میں جسٹس محمد اقبال، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس مزمل اختر شبیر بھی شامل تھے۔

بینچ کے سربراہ جسٹس عابد عزیز نے کہا کہ ہم میں سے ایک جج اس بنچ کا حصہ نہیں بننا چاہتے کیونکہ جسٹس فاروق حیدر کافی کیسز میں پرویز الٰہی کے وکیل رہ چکے ہیں۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے لارجر بنچ کے ممبر جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی۔

لاہور ہائی کورٹ کے لارجر بنچ کے ممبر جسٹس فاروق حیدر نے کہا ہے کہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر اس کیس کی سماعت نہیں کر سکتا۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے درخواست مزید سماعت کیلئے واپس چیف جسٹس کو بھجوا دی۔