حکمرانوں نے قوم کو بحرانوں میں مبتلا کر دیا ، مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکمرانوں نے قوم کو بحرانوں میں مبتلا کر دیا توانائی بحران ،معاشی بحران ،سیاسی بحران سب ناکام نااہل حکمرانوں کا پیدا کردہ ہے خودشاہ خرچیاں ،فضول خرچیاں کر رہے ہیں عوام سے ہر وقت قربانی مانگ رہی ہوتی  ہیں۔ پی ڈی ایم  اور پی ٹی آئی دونوں ایک سکے کے دورخ ہیں۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھاکہ   مارکیٹیں اور ریسٹورنٹس رات8بجے اور شادی حال رات 10بجے بند کرنے کے وفاقی کابینہ کے فیصلے کو تاجر برادری نے مسترد کردیا ہے۔جماعت اسلامی بھی تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے ۔ توانائی بحران کو بہانہ بنا کر حکومت عوام سے روزگار چھیننے کی کوشش کررہی ہے۔ حکومت اگر سنجیدگی سے توانائی بحران کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے تو اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے ، عوام کو تنگ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی سیاسی محاذ آرائی کی وجہ سے عوام بے یار و مددگار ہیںبلوچستان کے مسائل ومشکلات سننے وحل کرنے والا کوئی نہیں ۔پارٹیوں کو پراپرٹیاں بنانے والے عوام کے خادم نہیں ہوسکتے۔بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔لولی پاپ،خیرات نہیں حقوق دیے جائیں۔بلوچستان کی پارٹیوں نے بھی وفاق کی طرح عوام کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ کر مایوس کر دیا ہے۔

سیلاب متاثرین شدید سردی میں منتظر ہیں کہ حکومت کب ان کی فریاد سنے گی مگر بد قسمتی سے حکومت کی ترجیحات میں صرف اقتدار کے حصول کی جنگ کے سوا کچھ نہیں۔ لوگوں کے مسائل میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم عام انتخابات کی طرف بڑھتے نظر آرہے ہیں۔ اگر حکومت اور اپوزیشن چاہتے ہیں کہ ملک کے اندر صاف و شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ہوں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن ریفارمز کی جائیں۔ حکومت سازی میںاسٹیبلشمنٹ کا کردار ختم ہو اور تمام سیاسی جماعتوںکو کھلا میدان میسر آئے۔ کوئی بھی فیورٹ نہیں ہونا چاہیے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ کرپٹ ٹولے سے نجات حاصل کی جائے ۔ ملک و قوم تحریک انصاف کی تبدیلی اور پی ڈی ایم کی حقیقت سب دیکھ چکے ہیں۔ یہ چلے ہوئے کارتوس ہیں، جوچہرے اور پارٹیاں بدل کر ہر بار اقتدار میں آجاتے ہیں اور ملک و قوم کے مفاد کے بر خلاف اپنی تجوریاں کو بھرتے اور اقتدار کو انجوائے کرنے کے سوا کچھ نہیں کرتے۔