کوئٹہ(صبا ح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ توانائی بچت حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم کرنے سے ممکن ہے حکمران توانائی بحران کے بجائے معاشی بحران پر توجہ دیں۔حکومتی سطح پر سادگی قناعت کے بجائے شاہ خرچیاں ،بیرون ملک دورے ،وزراء ،مشیروں کے قافلوں کی کیاضرورت ہے۔حکومت بدعنوانی ،بدامنی ،مہنگائی ختم کرنے پر توجہ دیں۔ حکومت گوادردھرنے پرچڑھائی کرنے کے بجائے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے پرامن مزدور پیشہ اورمحب وطن دھرناشرکاء کے مسائل حل کرنے پرتوجہ دے ۔گوادرمیں آئل ریفائنری ،ترقی ٹھیک مگرساحل پر ٹرالر مافیاکی بدمعاشی بھی ختم کرکے اہلیان گوادر ومچھیروں کے مسائل پر بھی توجہ دی جائے اہلیان گوادر ومچھیروں کا باون دنوں سے دھرناجاری مگر حکمرانوں ،قومی میڈیا ،قومی جماعتوں کو کوئی فکر نہیں ۔ ٹرالرمافیاسے نجات میں ماہی گیروں کیساتھ سمندری حیات کا بھی فائدہ ہے۔ماہی گیروں کا معاشی قتل اورسمندری حیات کی نسل کشی کسی صورت برداشت نہیں کیاجائیگا حکومتی وسائل ،غیرقانونی فشنگ ،چیک پوسٹوں اور بے روزگاری کے خاتمے میں استعمال ہوں نہ کہ ڈرانے ،دھمکانے اور بزورچپ کروانے میں استعمال ہو۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ گوادر کے مظلوم عوام کیساتھ پورابلوچستان ہے حکومتی غفلت کوتاہی بدعنوانی کی وجہ سے حقوق کی تحریکیں ہر ڈویژن اورضلع سے شروع ہورہی ہے حکمران عوام کو دبانے ،پولیس گردی کے بجائے دیرینہ سلگتے مسائل حل کرنے پر توجہ دیں عوام دو وقت کے روٹی کو ترس رہے ہیں اللہ تعالیٰ نے ساحل سمندر دیا ہے جس سے عوام کو کچھ روزگار میسرہے لیکن حکمران ٹرالر مافیاسے رشوت وبھاری رقوم لیکر مچھیروں وعوام سے یہ روزگار بھی چھینا چاہتاہے ۔وفاق وصوبائی حکومت اور باختیار طبقات کی جانب سے ٹرالر مافیاکو غیرقانونی کام کی اجازت دے دی گئی ہیں جو سمندری حیات کی نسل کشی کیساتھ چھوٹے کاروباری حضرات ،مچھیروں اورعوام سے روزگارچھین رہے ہیں ۔
حق دو تحریک کے قائد اورجماعت اسلامی کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے عوام کو حقوق کے حصول کیلئے منظم کیا ہے ۔حقوق دوتحریک میں ہر طبقے ،ہرعلاقے اور ہرپارٹی کے لوگ شامل ہیں حق دو تحریک کے ذریعے حکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدارکیاجائیگا اورحقوق کے حصول کی راہ ہموارہوگی ۔حق دو تحریک پاکستان ،سی پیک اور نہ چائینا کے خلاف نہیں بلکہ جائز آئنی قانونی حقوق کے حصول ،حکمرانوں کے مظالم ،ٹرالرزمافیازکے ظلم وجبرکے خلاف ہیں ۔ سیکورٹی فورسزعوام کی حفاظت کیلئے ہوتی ہے لیکن اگر عوام کو انسان نہ سمجھے عوام میں سیکورٹی فوسزکے خلاف فطری نفرت ودوریاں اور خلیج پیدا ہوتی ہے ۔سیکورٹی فورسزکوخاص کر چیک پوسٹوں پر عوام کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ڈیوٹی دینی چاہیے عوام کے خون پسینے سے ہی ان کو تنخواہیں ملتی ہے لیکن اس کے برعکس ان کا رویہ ہے جو کہ مناسب نہیں