اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکڑ عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پرائم منسٹر ڈیجیٹل سکلز پروگرام نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے اور روزگار حاصل کرنے کے قابل بنانے کا ایک کامیاب ماڈل ہے، کامسٹیک افغانستان میں طلبا کو آن لائن اور ریکارڈ شدہ تعلیم فراہم کرے، اقدامات سے افغانستان کو تعلیمی سہولیات کی کمی پورا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر عارف علوی سے او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون( کامسٹیک) کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے یہاں ایوان صدر میں بدھ کے روز ملاقات کی۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ کامسٹیک افغانستان میں طلبا کو آن لائن اور ریکارڈ شدہ تعلیم فراہم کرے، ریکارڈ شدہ اسباق اور تربیتی کورس افغان طلبا کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے مفید ثابت ہو سکتے ہیں، پاکستان ورچوئل یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی ماڈیولز اور آن لائن تعلیمی خدمات بھی پیش کر سکتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ اقدامات سے افغانستان کو درپیش تعلیمی سہولیات کی کمی پورا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ صدر مملکت نے دیگر اسلامی ممالک میں سائنس و زراعت کے شعبوں میں بہترین طریقوں کو مثال بنانے اور پاکستان میں ان کی نقل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پرائم منسٹر ڈیجیٹل سکلز پروگرام نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے اور روزگار حاصل کرنے کے قابل بنانے کا ایک کامیاب ماڈل ہے، ڈیجی اسکلز پروگرام کو دوسرے مسلم ممالک میں نقل کیا جا سکتا ہے ۔ صدر مملکت نے قازقستان کے طلبا کو 20 فیلو شپس/اسکالرشپس دینے کے اقدام کو سراہا۔ صدر مملکت نے فلسطین کے طلبا کے لیے 500 خصوصی اسکالرشپس/فیلو شپس کے اقدام کی بھی تعریف کی۔