کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ریکوڈک وسی پیک اورسیندک کے ثمرات سے اہل بلوچستان کو محروم کرنا ناانصافی اورزیادتی ہے ،بلوچستان کے محرومیوں کے ذمہ داروفاق کیساتھ صوبائی حکومتیں صوبائی جماعتیں بھی ہیں ۔بلوچستان کے وسائل لوٹے جارہے ہیں بلوچستان کو ایسے دیانت دارحکمرانو ں کی ضرورت ہے جو بلوچستان کے وسائل کی حفاظت اور ان کو عوام کی حالت بدلنے پر خرچ کریں ۔جماعت اسلامی دیانت دار لوگوں کی دین دار جمہوری پارٹی ہے عوام ساتھ دیں توترقی وخوشحالی کیساتھ اسلامی نظام نافذ ہوگا ۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے ہمیشہ عوام سے خوشنما نعرے اوروعدے کیے کامیابی کے بعد سب نے عوام کو مایوس کیا ،لوٹ مار کرنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں ۔ حکومت عوام سے کئے وعدے پورے کرتے ہوئے ترقی وخوشحالی کیساتھ عدل وانصاف کا بول بالا کریں، مہنگائی ،نا انصافی کے سونامی نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، بلوچستان کے اہل وپڑھے لکھے نوجوان بیروزگار،عوام مہنگائی وبے روزگاری اور بدعنوانی کے آگ میں جل رہے ہیں۔ امریکہ ویہودویوں کو خوش کرنے ،غلامی کا حق ادا کرنے کیلئے اسلامی جمہوری پاکستان پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے تنخواہ داروں کو مسلط کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قرضوں کے بوجھ تلے معیشت کو تباہ اور عوام کو بدحال کیا جا رہا ہے۔ بدقسمتی ہے کہ ادارے اور سپریم کورٹ ہوشربا مہنگائی ،بجلی گیس پیٹرولیم مصنوعات وراشن کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کے خلاف سوموٹو ایکشن بھی نہیں لیتے ،ایک نے قرض اتاروملک سنوارو،دوسرے نے روٹی،کپڑا ،مکان ،حقوق اور تیسرے نے مدینہ کے اسلامی ریاست کے پر نام قوم کودھوکہ دیا۔ حکومت واپوزیشن قوم سے مخلص ہوتی توآج ملک کی حالت اتنی خراب نہیں ہوتی ۔ لوٹ مار کی وجہ سے غریب بدحال پریشان ،کمیشن وکرپشن مافیاخوشحال و،مالامال ہے،عوام کا معیار زندگی مسلسل تباہ ہو رہاہے قوم کا بچہ بچہ بھاری سودی قرضوں تلے دبا ہوا ہے اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ملک کوآئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی کالونی بنادی گئی ہیں ۔بدترین ہوشربا مہنگائی وبے روزگاری کی وجہ سے عوام خودکشیوں وخودسوزیوں پر مجبور ہیں ملازمت اورووٹ کی خریدوفرخت کا بازار عروج پر پہنچ چکا ہے مہنگائی کے جن کو قابو نہیں کیا گیا تو ملک میں معاشی اور معاشرتی ابتری میں تیزی سے اضافہ ہوگااب بھی وقت ہے کہ حکمراں عوام کی حالت زار پر رحم کھائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔بدعنوان نااہل حکمرانوںنے امداد کے نام پر قوم کو کشکول تھمادیا پاکستان دنیا بھر میں حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے بدنام سبزپاسپورٹ کی عزت ختم ہوگئی ہے۔ حکومت کی معاشی پالیسیوں ناکام ہوئی ہیں ہم ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔