مقبوضہ کشمیر میں بجلی کا بڑا بحران،لوڈ شیڈنک کا دورانیہ 6گھنٹے سے تجاوز کر گیا


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بجلی کا بڑا بحران پید ا ہو گیا ہے ۔ شدید سردی میں روزانہ لوڈ شیڈنک کا دورانیہ 6گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ نے اعلان کیا ہے کہ  جموں وکشمیر میں بجلی کی کل کھپت 2800میگاواٹ کے برعکس وہ صرف 1750میگاواٹ ہی بجلی دینے کی پوزیشن میں ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے کچھ علاقوں میں7 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین سمیت کشمیریوں نے شوپیاں قصبے میں بجلی  کی عدم فراہمی  کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک بلاک کر دی ۔احتجاج کرنے والی خواتین نے قابض انتظامیہ کے عوام دشمن اقدام کے خلاف انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی اور سڑک پر ٹریفک بلا ک کردی ۔مظاہرین کاکہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کے بجلی گھروں کو ان سے چھن لیا ہے اوراب انہیں اپنی ہی بنائی گئی بجلی کے استعمال پر بہت زیادہ پیسے ادا کرنے پر مجبور کیاجارہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے ذریعے انہیں مہنگی بجلی فراہم کی جارہی ہے جس سے انہیں شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ انہیں پہلے ہی سنگین صورتحال کی وجہ سے کئی مسائل کا سامنا ہے اور ان کیلئے اپنا روزگارکمانا مشکل ہو گیا ہے اور اب سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے ذریعے ان پر مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے بجلی کے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کو فوری طورپر روکنے کا مطالبہ کیا۔