کراچی(صباح نیوز)کراچی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں کسی نقصان کے بغیر 21 رنز بنالئے ہیں تاہم انگلینڈ کو اب بھی 29 رنز کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جا رہی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری ہے۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے 304 رنز کے جواب میں 354 رنز پر آٹ ہوگئی۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 50رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا اور دن کے اختتام پر کسی بھی نقصان کے بغیر 21 رنز بنالئے ہیں۔ انگلینڈ کو اب بھی پاکستان پر 29 رنز کی برتری حاصل ہے۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ نے 7 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو بین ڈکیٹ 4 اور اولی پوپ نے 3 رنز بنائے تھے۔ 58 رنز پر پاکستان کو نعمان علی نے یکے بعد دیگرے 2 کامیابیاں دلائیں، پہلے بین ڈکیٹ کو ایل بی ڈبلیو کیا اور دوسری ہی گیند پر جو روٹ کو کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس بھجوادیا۔ 98 رنز پر پاکستان کو چوتھی کامیابی ابرار احمد نے دلائی، اولی پوپ 51 رنز پر ابرار ناقابل فہم گیند کا شکار ہوکر بولڈ ہوئے۔ 145 رنز پر انگلینڈ کی پانچویں وکٹ بین اسٹوکس کی گری جو تیسرا رن لینے کے چکر میں رن آئوٹ ہوگئے۔
اس موقع پر ہیری بروک اور بین فوکس نے 112 رنز کی شراکت قائم کی۔ ہیری بروکس نے شاندار 111 رنز بنائے۔ 262 رنز پر بروک کو محمد وسیم نے آئوٹ کیا۔265 پر ریحان احمد کا شکار نعمان علی نے کیا۔ بین فوکس اور مارک ووڈ نے آٹھویں وکٹ پر 51 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ 316 رنز پر مارک ووڈ کو ابرار نے اپنا تیسرا شکار بنایا۔ 324 رنز پر نعمان علی نے بین فوکس کو آئوٹ کرکے پاکستان کو نویں کامیابی دلائی۔ انگلینڈ کا آخری کھلاڑی 354 رنز پر آئوٹ ہوا۔ اولی رابنسن کو ابرار احمد نے آئوٹ کیا۔ پاکستانی اسپنرز چھائے رہے۔ پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 8 کھلاڑیوں کو اسپنر نے آئوٹ کیا،
ابرار احمد اور نعمان علی نے 4،4 وکٹیں لیں جب کہ فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کے ہاتھ ایک وکٹ لگی۔ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تھی اور پوری ٹیم 304 رنز پر آٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور آغا سلمان نے نصف سینچریاں اسکور کیں۔ انگلینڈ نے پہلے دن صرف 3 اوورز ہی کھیلے تھے اور 7 رنز پر ایک کھلاڑی آٹ ہوگیا تھا۔ پاکستان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز پہلے ہی ہار چکا ہے، انگلینڈ کو 2 صفر کی برتری حاصل ہے تاہم اب پاکستان سیریز کا آخری میچ جیت کر سیریز میں شکست کے داغ کو کم کرنا چاہتا ہے۔