آصف زرداری اوربلاول کی لکی مروت میں پولیس پر د ہشت گردوں کے حملے کی مذمت


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری اورپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے ہاتھوںچار پولیس اہلکاروں کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ٹوئٹرپر جاری اپنے بیان میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے لکی مروت میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملے تشویشناک ہیں۔

دہشت گردوں کا پیچھا کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی۔ جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے لکی مروت میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔آصف علی زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پی پی پی ضلع لورالائی کے رہنما اور سابق ضلع چیئرمین نور محمد جوگیزئی کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے جاری ایک اور بیان میں بلاول بھٹو نے سردار زادہ شیر دل خان سے ان کے والد اور سربلند خان جوگیزئی سے ان کے بہنوئی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہارکیا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نور محمد جوگیزئی مرحوم پارٹی کا اثاثہ تھے، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے سوگوار خاندان کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ قیادت سمیت پوری پارٹی آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ دعاگو ہوں، اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی ضلع لورالائی رہنما سابق ضلع چیئرمین نور محمد جوگیزئی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

آصف علی زرداری نے سردار زادہ شیر دل خان سے ان کے والد اور پی پی پی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی سے ان کے بہنوئی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے اور نورمحمد جوگیزئی کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت اور کارکن سردار زادہ شیر دل خان اور سردار سربلند خان کے غم میں شریک ہیں۔