وزیرخزانہ کی زیر صدارت اجلاس، انسداد اسمگلنگ نظام کو مضبوط بنانے کے لیے روڈ میپ کا جائزہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں  انسداد سمگلنگ اقدامات میں ہونے والی پیشرفت اور ملک میں انسداد اسمگلنگ نظام کو مضبوط بنانے کے لیے روڈ میپ کا جائزہ لیا گیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے  جمعہ  کو فنانس ڈویژن میں سمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات طارق پاشا، گورنرسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی آئی اینڈ آئی کسٹمز، ممبر کسٹمز، اے ڈی جی ایف آئی اے اور خزانہ ڈویژن کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں انسداد سمگلنگ اقدامات میں ہونے والی پیشرفت اور ملک میں انسداد اسمگلنگ نظام کو مضبوط بنانے کے لیے روڈ میپ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹمز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے غیر ملکی کرنسی، یوریا (کھاد) ، گندم اور دیگر اشیاکی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف سخت اور کڑی نگرانی میں کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ بتایا گیا کہ ان سخت اقدامات کے باعث 9 سے 15 دسمبر 2022 کے درمیان مختلف مقامات پر بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیا ضبط کی گئی ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان کسٹمز، ایف آئی اے اور داخلہ کے نمائندوں نے اجلاس کو اپنی پیش رفت کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا اور سمگلنگ کی لعنت کو روکنے کے لیے دانشمندی سے اقدامات کرنے کی تجویز دی۔ وزیر خزانہ نے ملک میں معاشی نمو کو متاثر کرنے والی غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیاکی سرحد پار اسمگلنگ کو روکنے کی ضرورت کو اجاگر کیا اور متعلقہ اداروں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور انہیں ہدایت کی کہ اسمگلنگ کی سرگرمیوں اور کرنسی کی قیاس آرائیوں میں ملوث افراد کے خلاف جامع اور مشترکہ کارروائی کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مزید
ہدایت کی کہ وہ سرحد پارسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اپنی کارروائیاں تیز کریں۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ انسداد اسمگلنگ آپریشنز کے حوالے سے ہفتہ وار بنیادوں پر باقاعدگی سے جائزہ اجلاس منعقدکئے جائیں گے ۔

آخر میں، شرکانے موجودہ معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب اور فعال اقدامات کرنے پر وزیر خزانہ کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ہموار اور پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔