اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پشاور کی آٹھویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں معصوم شہدا اور ان کے بہادر اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سانحہ اے پی ایس میں مسلے گئے اپنے پھولوں کو بھولے نہ اپنی ذمہ داری سے غافل ہیں۔ انسانیت ہمیشہ سانحہ اے پی ایس پشاور پر شرمندہ رہے گی۔ یہ ہماری تاریخ کا ایک اور انتہائی اندوہناک واقعہ ہے۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ س سانحہ پر آج تک ہر پاکستانی صدمے و غم میں مبتلا ہے۔اس جیسے واقعات کا دوبارہ سے سامنا کرنے سے بچنے کے لیے ہمیں ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ریاست، حکومت، تمام اداروں، سیاسی جماعتوں، میڈیا اور شہریوں کو ان ذمہ داریاں کی پاسداری کرنا ہوگی۔ آج کا دن ہر پاکستانی کے لیے ایک عہد کرنے کا دن ہے۔ عہد کریں کہ ہم پاکستان کو تعلیم کے شعبے میں دنیا میں سرفہرست مقام دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی عہد کریں کہ مذہب کی آڑ میں اپنا ایجنڈا مسلط کرنے والوں کے خلاف ہم زیرو ٹالرنس رکھیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہدا ء کے خاندانوں سے ایک بار پھر دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی۔