اگرچوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے،عمران خان پرآرٹیکل62 اور63 کا اطلاق ہو کر رہے گا، طلال چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان نے 2004 میں ایم این اے ہوتے ہوئے الیکشن کمیشن کودی گئی تفصیلات میں بیٹی کا نام چھپایا، اب پاکستان میں ان پر 62 اور63 کا اطلاق ہو کر رہے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ جس دن بنی گالہ ریڈ ہوا مجھے لگ رہا ہے کافی چیزیں برآمد ہوں گی، گھڑی سمیت جوکچھ ملا کچھ نہ چھوڑا لیکن بندہ بڑا ایماندارہے، تم نے اپنی بیٹی کونام دیا اوروہ بھی چھپا کر، جس بندے نے اپنے بچے چھپائے پتا نہیں کیا کیا چھپایا ہوگا، خان صاحب اگراصل مدینہ کی ریاست ہوتی تو آپ سنگسار ہوتے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ کوئی کیس ہم سیاسی طورپرنہیں بنائیں گے، معیشت کوسنبھالنا اولین ترجیح ہے، توشہ خانہ والی چیزیں بھی قوم کے سامنے رکھنا ضروری ہے، سب سے پہلے میثاق معیشت اوراس کے بعد سب کوبیٹھ کر رولزآف گیمزطے کرنا ہوں گے پھرالیکشن ہونگے،عمران خان کوتوالیکشن کمیشن پراعتماد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن اگلے سال اکتوبرمیں ہونگے، اب تو عمران خان کا لاڈلہ پن نہیں رہا، اب پاکستان میں ادارے اپنا اپنا کام کر رہے ہیں، اب سیاست اپنے زور بازو پر ہو گی، کسی سہولت کار کے ذریعے نہیں، جب تک لیول پلائنگ فیلڈ نہیں ہوگی تب تک فیئرالیکشن نہیں ہوسکتا، لیول پلائنگ فیلڈ کے بعد الیکشن ہوسکتا ہے۔

طلال چودھری نے کہا کہ خان صاحب! اگرچوری نہیں کی توتلاشی کیوں نہیں دیتے، خان صاحب نے نا گھڑی چھوڑی لیکن ہے صادق اور امین، الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں ان کیسز کو تیزی سے نمٹایا جائے،عدالت کوسب لوگوں کو ایک ترازومیں تولنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بشری بی بی کواربوں روپے کے تحفے ملے، پہلے مرید اور اب مرشد بھی چور نکلی، پہلے مرشد مرید کا نام بیچتی رہی، مرشد نے جیولری،ہیرے بیچے، چھ ارب کے تحائف بیچے گئے، توشہ خانہ پاکستان کی تاریخ کا بڑا اسکینڈل ہے۔

طلال چودھری کا کہنا تھا کہ جوتحائف ملے وہ توشہ خانہ میں جمع ہی نہیں ہوئے،وزیراعظم آفس رکھ کرخود ہی ویلیوتین کروڑلگوائی گئی، چھ ارب کی چیزکی کوئی بینک ٹرانزیکشن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو دو ملکوں سے تقریبا 6 ارب مالیت کے تحائف ملے، 6ارب کے تحائف کی قیمت 3 کروڑ لگوائی گئی، بشری بی بی کے نام سے جیولری کی رسیدیں بنوائی گئیں، حجاز مقدس ننگے پاؤں جانے والا ان سے ملے تحائف بیچتا رہا۔