ای سی سی نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی


اسلام آباد(صباح نیوز)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں چینی برآمد کرنے کی منظوری سمیت تین نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں چینی برآمد کرنے کی اجازت سے متعلق سمری پیش کی گئی، جس پر ای سی سی نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی۔ علاوہ ازیں اجلاس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی اور وزارت ہائوسنگ کے لیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دے دی گئی۔

واضح رہے کہ چینی برآمد کرنے کی اجازت کے لیے حکومت پر شوگر ملز ایسوسی ایشن کا دبائو تھا۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے چینی کی برآمد کے لیے ایف بی آر کو10 لاکھ ٹن اضافی چینی کے اسٹاک کی تصدیق کی ہدایت بھی کی تھی۔