اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کا امپورٹ بل 29 بلین ڈالر سالانہ ہے۔ روپے میں یہ رقم 6 کھرب روپے سے زیادہ ہے۔ توانائی بچت پلان کے نتیجے میں اربوں ڈالر سالانہ کی بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو پاکستانی روپے میں262 ارب روپے سے زائد رقم بنتی ہے
ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی بحالی، توانائی کی قلت کے خاتمے کیلئے اجلاس ہوا۔ توانائی کی بچت کا قومی ہنگامی پلان تیار کرلیا گیا جس سے امپورٹ بل میں نمایاں اور واضح کمی ہوگی۔ غیرمعمولی صورتحال میں غیرمعمولی اقدامات کا فیصلہ کیاگیا۔ایمرجنسی بچت پلان حتمی منظوری کے لئے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیاجائے گا۔ تمام وزرا اعلی کو بھی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں مدعو کیا جائے گا۔ انرجی بچت پلان پر صوبوں کے ساتھ مل کر عمل درآمد ہوگا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کابھی فیصلہ، نجی اور سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا بھی پلان کا حصہ ہے۔ ہنگامی توانائی بچت پلان کا مقصد عوام اور معیشت پر دبا کم کرنا ہے کیونکہ عالمی منڈی میں تیل سمیت ایندھن کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ غیرمعمولی حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے غیرمعمولی اقدامات ناگزیر ہیں جس میں ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔تمام صوبوں کو مل کر National Conservation Plan پہ عمل درآمد کرنا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کی بچت پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے۔