اسلامی تعاون تنظیم سمیت عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے،ممتاز زہرہ بلوچ

اسلام آباد(صباح نیوز)دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اسلامی تعاون تنظیم سمیت عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، جوہر ٹاون دھماکے پر پاکستان نے عالمی سطح پرقانونی کارروائی شروع کردی ہے۔انٹرپول اورمعاہدوں کے ذریعے مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے گا،

ہفتہ وار میڈیابریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں اپنے غیر قانونی قبضے اور ظالمانہ کارروائیوں سے جنوبی ایشیاء کا امن یرغمال بنایا ہواہے ،بھارت کے بالادستی کے عزائم نے اس کے پڑوسیوں سے کشیدگی پیدا کی ہے اور بھارتی عزائم بامقصد علاقائی تعاون میں بنیادی رکاوٹ ہیں ،ترجمان نے کہا کہ ایک جامع ڈوزئیر تیار کیا گیا ہے جس میں گزشتہ سال  جوہر ٹائون لاہور میں بھیانک دہشت گردی کے حملے میں بھارت کے ملوث ہونے کو اجاگر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عالمی اداروں کے تعاون سے ٹھوس ثبوت ملا ہے کہ لاہور دہشت گردانہ حملوں کے ماسٹر مائنڈ ،فنڈنگ فراہم کرنے والے اورسہولت کار بھارتی شہری تھے اور وہ بھارت میں موجود ہیں۔ترجمان نے کہا کہ جوہر ٹاون دھماکے پرپاکستان نے عالمی سطح پر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، انٹرپول اور باہمی قانونی امداد معاہدوں کے ذریعے مجرموں کو انصاف کے کٹہڑے میں لایا جائے گا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اگلے ماہ کی نو تاریخ کوموسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ پاکستان کے موضوع پربین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوگی جس کا مقصد حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد بحالی کے اقدامات کے لئے تعاون کو  متحرک کرناہے۔  وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آئندہ سال9 جنوری کو جنیوا میں منعقد ہونے والی  کلیمیٹ ریزیلینٹ پاکستان بارے بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے، پاکستان کانفرنس میں ملک میں آنے والے ہولناک سیلاب کے بعد تعمیر نو، بحالی اور آئندہ اس سے بچائو کے بارے میں فریم ورک پیش کرے گا جو سیلاب آنے کے بعد تباہی کے تخمینے(پوسٹ ڈیزاسٹر نیڈز اسسمنٹ)پر مبنی ہے جسے 28 اکتوبر 2022 کو شروع کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 14.9 ارب ڈالر جبکہ 15.2 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان اس کے علاوہ ہے، پاکستان کو سیلاب کے بعد تعمیر نو کے لیے 16 ارب ڈالر سے زیادہ رقم کی ضرورت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ کانفرنس تباہ کن سیلاب کے بعد دوبارہ بہتر تعمیر نو کے لیے مدد کی خاطر بین الاقوامی برادری کو متحرک کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مشترکہ طور پر کانفرنس کے لیے ڈونر ممالک، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کو دعوت نامہ ارسال کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا کہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر جامع بات چیت کی ہے، وزیراعظم نے گزشتہ رات تاجک صدر کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جبکہ انہوں نے جمعرات کی صبح وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بھی ملاقاتیں کیں۔ترجمان نے کہا کہ ملاقاتوں کے دوران فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ دوطرفہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

ترجمان نے کہا کہ صنعت اور نئی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں گزشتی روزکئی معاہدوں اور مفاہمتی کی یادداشتوںپر دستخط کیے گئے جن میں ٹرانزٹ ٹریڈ، منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام، الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج کے قیام پر کسٹم حکام کے درمیان تعاون، آبی وسائل میں تحقیق اور تعلیم کے شعبہ میں تعاون شامل ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں فریقوں نے ایک جامع مشترکہ بیان بھی جاری کیا ہے جس میں متعدد شعبوں میں مفاہمت کا خاکہ پیش کیا گیا ہے، فریقین تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، توانائی، تعلیم، ثقافت اور سیاحت اور موسمیاتی تبدیلی کے مسائل میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں گے۔ انہوں نے عالمی اور علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ فریقین نے کاسا۔1000 جیسے رابطے کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے جو مستقبل میں توانائی کی راہداریوں کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کواڈریلیٹرل ٹریفک ان ٹرانزٹ ایگریمنٹ کی تاجکستان کی رکنیت کے لیے بھی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان وسطی ایشیا میں ہمارا قریبی پڑوسی ہونے کے ناطے پاکستان کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے، انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وزیر اعظم پاکستان کا اگلے سال دوشنبے کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور افہام و تفہیم کو آگے بڑھائے گا ،

ترجما ن دفتر خارجہ کاکہنا تھا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورہ امریکا پر ہیں۔  بلاول بھٹو زرداری آج اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کرینگے، جس میں سیلاب متاثرین کی بحالی پر مشاورت ہو گی۔ ۔ ترجمان نے کہاکہ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے دورہ پاکستان میں وزیراعظم سے ملاقات کی اور لائن آف کنٹرول کا بھی دورہ کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی بیانات دو جوہری ممالک کے درمیان تعلقات کی نزاکت سمجھنے سے عاری ہیں- او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے دورے پر بھارتی بیان مسترد کرتے ہیں ۔