اسلام آباد میں بس اڈوں کی تعمیر کیس،پتا نہیں بلدیاتی الیکشن ہونے بھی ہیں یا نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ


اسلام آباد(صباح نیوز) چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے بس اڈوں کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ پوری قوم کو صرف ایک کام آتا ہے اور وہ ہے پراپرٹی کا کام، شہر بنا دیا گیا لیکن نہ تو بس اڈے ہیں ،نہ عدالتیں، نہ ہی ہسپتال ،پتا نہیں بلدیاتی الیکشن ہونے بھی ہیں یا نہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے وفاقی دارالحکومت میں بس اڈوں کی تعمیر سے متعلق ٹرانسپورٹرز کی درخواست پر سماعت کی، جس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے دوران سماعت کہا کہ شہر بنا دیا گیا لیکن نہ تو بس اڈے ہیں ،نہ عدالتیں، نہ ہی اسپتال۔ ہائیکورٹ کی ڈائریکشن کے 3 سال بعد بھی کوئی کام نہیں ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے عدالت کو جواب دیا کہ یہ ہماری نالائقی اور کوتاہی ہے۔ 2018 میں سی ڈی اے بورڈ نے منظوری دی تھی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ 2018 کے بعد آپ نے فائل کھولنے کی زحمت کیوں نہیں کی ؟۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے استدعا کی کہ 45 روز کا وقت دے دیں ،31 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن بھی ہیں جس پر عدالت نے کہا کہ پتا نہیں بلدیاتی الیکشن ہونے بھی ہیں یا نہیں۔ آپ اپنے حصے کا کام ضرور شروع کریں۔ آپ ادارے کے ہیڈ ہیں ، آپ ایڈمنسٹریٹر ہیں،عوام کو سہولت فراہم کریں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پوری قوم کو بس ایک کام آتا ہے اور وہ ہے پراپرٹی کا کام۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت مارچ کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔