پی ٹی سی ایل،یوفون نے ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے


کراچی (صباح نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل)اور یوفون نے ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے ہیں۔

اس معاہدے کے تحت اس کے ملازمین کو خصوصی اقدامات کے ذریعے اہم تربیت اور ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔پی ٹی سی ایل اور یوفون کے گروپ چیف ہیومن ریسورس آفیسر، سید مظہر حسین اور ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کے ڈپٹی سی ای او، احمد بلال مقصود نے اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران اس معاہدے پر دستخط کئے۔

اس موقع پر تقریب میں پی ٹی سی ایل اور یوفون کے پریذیڈنٹ اور گروپ سی ای او، حاتم بامطرف اور ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کے سی ای او مارک مینگ سمیت دونوں اداروں کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔اس مفاہمتی یاد داشت کا مقصد یہ ہے کہ یوفون اور پی ٹی سی ایل کے ملازمین کو سیکھنے اور ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں جن کی بدولت انکی پیشہ ورانہ ترقی کا سفر تیزرفتار ہوگا۔

اس اقدام کے نتیجے میں پی ٹی سی ایل گروپ اور ہواوے کے درمیان اشتراک بھی مستحکم ہوگا جس سے باہمی ترقی اور کامیابی کے سفر کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر پی ٹی سی ایل اور یوفون کے پریذیڈنٹ اور گروپ سی ای او، حاتم بامطرف نے کہا، “پی ٹی سی ایل اور یوفون نے ہمیشہ جدت، نئی ٹیکنالوجیز اور پروگرامز کے فروغ پر توجہ دی ہے۔ ہواوے کے ساتھ ہمارا اہم اشتراک اپنے لوگوں کی ترقی اور پیشہ ورانہ کامیابی کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔

مجھے یقین ہے کہ اس اقدام سے ہمارا ادارہ بہتر کارکردگی اور مہارت کی بدولت نمایاں طور پر سامنے آئے گا۔ ملازمین کی ترقی پی ٹی سی ایل گروپ کی اہم اور بنیادی ترجیح ہے کیونکہ ہم اپنے ملازمین کو اپنا سب سے بہترین سرمایہ شمار کرتے ہیں اور مستقبل میں بھی انکی ترقی کیلئے سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔”اس موقع پر ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کے سی ای او، مارک مینگ نے کہا، “اپنے ملازمین کی ترقی اور ڈیجیٹل طریقے سے سیکھنے کے اس اہم سفر کے لئے ہمیں پی ٹی سی ایل اور یوفون کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے۔

ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ایسے اقدامات سے سیکھنے کے ایسے ہائی ٹیک مواقع پیدا ہوتے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کے کام کا موثر انداز اور مثبت کردار سامنے آئے گا اور وہ صارفین کو زیادہ بہتر انداز سے خدمات پیش کرسکیں گے۔

ہواوے کا عزم ہے کہ مکمل طور پر کنیکٹڈ اور انٹیلی جنٹ دنیا کی تعمیر سے ڈیجیٹل بااختیاری کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔”پی ٹی سی ایل گروپ ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن پر عمل پیرا ہونے کے لئے مکمل پرعزم ہے اور اپنی افرادی قوت کی ترقی اور انکے سکھانے کے عمل کو مستحکم بنانے اور انہیں پروان چڑھانے کے لئے کوشاں ہے۔