بی این پی مینگل کے ساتھ معاملات حل ہو گئے: اعظم نذیر تارڑ


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر قانون و سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے دعوی کیا ہے کہ بی این پی مینگل کے ساتھ ریکوڈک سے متعلق معاملات حل ہو گئے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مینگل کا موقف ہے کہ اس بل کو صرف ریکوڈک تک محدود کریں، ترمیم وہ لا رہے ہیں اور ہم ان کو سپورٹ کریں گے۔وفاقی وزیر قانون نے مزید کہا کہ سرداراختر مینگل سمیت اتحادی جماعتوں سے غیر ملکی سرمایہ کاری و تحفظ بل کے معاملے پر رابطے میں ہیں، مینگل کو ریکوڈک معاہدے پر تحفظات نہیں ہیں، وہ غیرملکی سرمایہ کاری بل کو صرف ریکوڈک تک چاہتے ہیں۔

قبل ازیں ریکوڈک قانون سازی پر اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے وزیراعظم شہبازشریف خود متحرک ہو گئے اور انہوں نے اتحادیوں سے رابطے شروع کر دیئے تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اس حوالے سے رابطہ کیا اور سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل کو بھی فون کیا، انہوں نے اتحادی رہنماں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور آپ کے تحفظات دور کریں گے، اس حوالے سے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی کی بھی اتحادیوں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔