لاہور (صباح نیوز)مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ عمران خان سے کہا تھا کہ مارچ کا ایجنڈا معیشت رکھیں گے تو ساتھ چلوں گا۔
اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے میرا رابطہ رہتا ہے ان کو بھی ملک کی بہت فکر ہے، ملکی معیشت کو ٹھیک کرنا سب سے ضروری ہے۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو اس وقت سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، تمام سیاست دانوں کو حالات کو سمجھنا چاہیے اور ایک پیج پر آنا چاہیے۔سربراہ ق لیگ نے کہا کہ عمران خان مارچ کرنے جارہے تھے تو کہا تھا ایجنڈا معیشت رکھیں گے تو ساتھ چلوں گا، تمام جماعتوں کو کہوں گا ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لئے ایک ہوجائے۔
چوہدری شجاعت کا مزید کہنا تھا کہ تمام سیاست دانوں کو آئین کی بالادستی کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے، جو لوگ معیشت کا مذاق اڑاتے ہیں ان کو سوچنا چاہیے کہ اس کے ذمہ دار سیاست دان ہوں گے لیکن نقصان غریب آدمی کا ہوگا۔۔