موجودہ حالات میں انتشار پیدا کرنیوالا پاکستان کا بدخواہ ہو گا ،احسن اقبال


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہموجودہ حالات میں انتشار پیدا کرنیوالا پاکستان کا بدخواہ ہو گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے جو مہم چلائی اس کا مقابلہ ضروری ہے کہ ہم عوام کو سچ بتائیں، پارٹی نے آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کے لیے تیاری شروع کردی ہے، عمران خان نے اپنا بیانیہ اس بات پر بنایا کہ صرف وہ ایماندار باقی سب چور ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں تمام اداروں کو سیاسی مخالفین کے پیچھے لگادیا تھا، عمران خان کا دور ختم ہوا تو ایک ایک کرکے تمام انتقامی کیسز ختم ہوتے گئے، ڈیلی میل کے کیس میں بھی عمران خان کے بیانیے کو رسوائی ہوئی جب کہ وہ آج تک فنانشل ٹائم کے خلاف برطانوی عدالت نہیں گئے۔

وفاقی وزیر  نے کہا  کہ پوری دنیا میں معیشت کو نقصان کا سامنا ہے، ہمیں معیشت بہت نازک حالت میں ملی تھی، ضروری ہے کہ آئندہ 10 ماہ معیشت کو درست کریں، اس وقت جو بھی انتشار پیدا کرے گا وہ پاکستان کا بدخواہ ہوگا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی پی ٹی آئی ارکان اسمبلی تحلیل کی حمایت نہیں کرتے جبکہ پنجاب میں انتظامی بدحالی ہے  وہاں کوئی آئی جی اور چیف سیکرٹری کام کرنے کے لئے تیار نہیں، پنجاب میں نظام کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے جو آئینی آپشن ہوگا استعمال کریں گے۔