عمران خان کو پی ٹی آئی چیئرمین شب سے ہٹانے سمیت پانچ کیسز کی سماعت منگل کو الیکشن کمیشن میں ہوگی


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں اسد عمراور فواداحمد چوہدری کے خلاف پانچ کیسز کی سماعت کرے گا۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے کاز لسٹ جاری کردی ہے۔الیکشن کمیشن کی کاز لسٹ کے مطابق 13 دسمبر بروز منگل چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کے خلاف توہین آمیز اور غیر پارلیمانی زبان کے استعمال پر عمران خان، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات ا سد عمر اورپی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد احمدچوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیسزکیس کی سماعت ہو گی۔

الیکشن کمیشن، عمران خان اورفواد چوہدری کے خلاف چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف نازیبا زبان اور غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال پر لئے گئے نوٹس پر سماعت کرے گا جبکہ اسد عمر کے خلا ف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف توہین آمیز اور غیر پارلیمانی زبان کے استعمال پر لئے گئے نوٹس پر سماعت کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے اس حوالہ سے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کررکھا ہے۔

توہین الیکشن کمیشن کے کیسز کی سماعت بینچ نمبر ایک صبح10بجے کرے گا۔ کاز لسٹ کے مطابق عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیس کی سماعت 13 دسمبر کو ہوگی، اس حوالے سے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹس جمال اخترانصاری کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے فیصلہ کے بعد عمران خان کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے حوالہ سے دائر درخواست پر جاری کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کازلسٹ کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کی درخواست پر سماعت 13 دسمبر کو ہوگی۔الیکشن کمیشن نے درخواست گزار رکن قومی اسمبلی علی گوہر خان بلوچ کو بذریعہ وکیل نوٹس جاری کردیا ہے۔ جبکہ عمران خان کی جانب سے ضمنی الیکشن میں انتخابی اخراجات کی تفصیل جمع نہ کروانے کے معاملے پر جاری کیے گئے نوٹس کی سماعت بھی 13 دسمبر کو ہوگی۔ عمران خان نے این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 239 کورنگی کراچی اور این اے 45 کرم ایک سے انتخابی اخراجات جمع نہیں کروائے۔

پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت بھی  منگل  کو الیکشن کمیشن میں ہو گی۔پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کے حوالہ سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کیس میں عمران خان کے زریعہ پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کررکھا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیوں نہ غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلہ کی روشنی میں پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ بحق سرکار ضبط کر لی جائے۔توہین الیکشن کمیشن کے علاوہ دیگر تمام کیسز کی سماعت بینچ نمبر دو دن 11بجے کرے گا۔