ڈھاکہ (صباح نیوز)بنگلہ دیش نے بھارت کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست دے دی، تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
میرپور (بنگلہ دیش) میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنا ڈالے، مہدی حسن مرزا نے ناقابل شکست سنچری جبکہ محمود اللہ نے نصف سنچری اسکور کی۔بنگلہ دیشی ٹیم کو ابتدا سے ہوئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے 6 کھلاڑی محض 69 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے
اس موقع پر مہدی حسن مرزا اور محمود اللہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کیلئے 148 رنز کی قابل قدر شراکت قائم کی۔مہدی حسن مرزا 83 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے جبکہ محمود اللہ 77 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔
بھارت نے 272 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تھا تو 13 کے مجموعے پر دونوں اوپنرز ویرات کوہلی 5 اور شیکھر دھون 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 65 رنز پر 4 کھلاڑی آوٹ ہوگئے۔اکشر پٹیل اور شریاس ایئر نے ٹیم کو سنبھال دیا دونوں کے درمیان 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی، ایئر 82 اور پٹیل 56 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔
بھارتی کپتان روہت شرما نویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آئے، انہوں نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور 28 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 51 رنز بنا ڈالے تاہم اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے۔بنگلہ دیش نے بھارت کو 5 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔۔