ڈھاکہ(صباح نیوز)ڈھاکا ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل بارش سے متاثر ہونے پر وقت سے پہلے ہی ختم کردیا گیا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ڈھاکا میں کھیلا جارہا ہے، ٹیسٹ کے دوسرے روز بارش اور پچ گیلی ہونے کے باعث میچ کھانے کے وقفے کے بعد شروع ہوا تاہم ابھی صرف 6.2 اوورز کا کھیل ہوا تھا کہ بارش کے باعث ایک بار پھر میچ روک دیا گیا، کافی دیر انتظار کے بعد بارش نہ رکنے کی صورت میں امپائرز نے دوسرے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا۔دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 188 رنز بنالیے ہیں جبکہ اس وقت وکٹ پر اظہر علی اور بابر اعظم موجود ہیں، دونوں کے درمیان 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم ہے۔
میچ کے دوسرے روز اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 34 ویں نصف سنچری مکمل کر لی ہے۔
قومی بلے باز اظہر علی 52 اورکپتان بابر اعظم 71 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے کیا تاہم دونوں کھلاڑی بالترتیب 39اور 25رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنالیے تھے۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان بنگلادیش کو وائٹ واش کرچکا ہے۔