کراچی میں اتاری گئی پی آئی اے کی پرواز 10 گھنٹے بعد جدہ روانہ


کراچی(صباح نیوز)فنی خرابی کی وجہ سے کراچی میں اتاری گئی پی آئی اے کی اسلام آباد سے جدہ کی پرواز 10 گھنٹے بعد کراچی سے منزل کی طرف روانہ ہو گئی۔

نجی ٹی وی کو ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد سے روانہ ہونے کے ایک گھنٹے بعد پرواز پی کے 741 میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی۔طیارہ اس وقت پاکستان کی فضائی حدود میں قلات کے قریب پرواز کر رہا تھا۔

ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر پائلٹ نے بوئنگ 777 طیارے کو گزشتہ رات 8 بجے کراچی ایئر پورٹ پر اتار لیا تھا۔ مسافروں کو کراچی ایئر پورٹ کے ٹرانزٹ لائونج میں منتقل کر کے طیارے کا معائنہ کیا گیا۔

طیارے کی فنی خرابی صبح دور ہو سکی جس کے بعد اسی طیارے کو جدہ روانہ کر دیا گیا، اس دوران مسافر رات بھر سعودی عرب روانگی کے لائونج میں منتظر رہے۔پرواز پی کے 741 صبح 6 بج کر 53 منٹ پر کراچی سے جدہ کے لئے روانہ ہوئی۔