آئندہ سال  15 اگست کو ملک میں عام انتخابات کی تاریخ دیں گے،سردار ایاز صادق


شرقپور(صباح نیوز)وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف جنوری 2023 میں پاکستان آرہے ہیں۔آئندہ سال  15 اگست کو ملک میں عام انتخابات کی تاریخ دیں گے۔

مسلم لیگ ن کے  رہنما رانا تنویر کے ہمراہ شرقپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ آئندہ الیکشن ڈٹ کر لڑیں گے اور جیت ن لیگ کا مقدر ہوگی۔ایازصادق کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اسمبلی توڑ کر دوبارہ جیتنے کی خوش فہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں وزیر آباد واقعے پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اپنے ہی نامزد چیف الیکشن کمشنر کو متنازع بنارہے ہیں، ان کے واویلے سے الیکشن کمیشن کو کیا فرق پڑے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 15 اگست 2023 کو ملک میں الیکشن کی تاریخ دیں گے، 15 اگست کے چند ماہ بعد ملک میں الیکشن ہوجایں گے۔ اس موقع پر رانا تنویر  نے کہا کہ عمران خان کے خلاف کیس عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، عمران خان کو عدالتوں سے سزا بھی ہوگی۔