فیصل آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں ناکام اور بدنام، عوام ان کو مسترد کر دیں۔ ملک کی 14 سیاسی جماعتوں نے عوام کے 14طبق روشن کر دیے، اب حل صرف جماعت اسلامی، جو عام آدمی کی پارٹی ہے۔ ملک پر مافیاز کا قبضہ، حکمران جماعتیں جتھوں کی صورت میں ایک دوسرے سے برسرپیکار، کرپٹ سرمایہ داروںاور جاگیرداروں نے عوام کے بنیادی حقوق تک سلب کر رکھے ہیں۔ چند لوگ ہیں جن کی دولت میں اضافہ ہو رہا ہے، عوام فاقوں پر مجبور ہیں۔ حکمران اشرافیہ کی سیاست پاکستان میں، بچے اور جائیدادیں یورپ اور امریکا میں ہیں۔ حکمران طبقہ قوم کو سات دہائیوں سے دھوکا دے رہا ہے، انھوں نے کبھی ”روٹی کپڑا اور مکان” اور کبھی ”سب سے پہلے پاکستان” کے نام پر عوام سے فراڈ کیا، یہ کبھی ملک کو ”ایشین ٹائیگر” اور کبھی ”تبدیلی” کے دلفریب نعرے لگا کر اقتدار میں آتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے نام پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں آئے، انھوں نے بنکوںکو لوٹا اور ٹیکس چوری کر کے بیرون ملک آف شور کمپنیاں بنائیں، انھوں نے احتساب کے اداروں کو برباد کیا، عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے تحائف دیے، انھوں نے مل کر ملک سے کھلواڑ کیا، اسلامی پاکستان کی معیشت تباہ اور نظریہ کے خلاف سازشیں رچائیں۔ پاکستان اللہ کی امانت اور یہ امانت لٹیروں کے قبضہ میں ہے، سب سے بڑا جہاد یہ ہے کہ عوام اس قیمتی امانت کو ظالموں کے قبضہ سے چھڑائیں۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی بری طرح ایکسپوز ہو گئیں، وقت آ گیا ہے کہ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے دو ٹوک فیصلہ کریں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے تاندلیانوالہ فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر تاندلیانوالہ مدثر احمد شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے باریاں لگا رکھی ہیں، یہ لوگ اقتدار میں آ کر لنگرخانے بناتے ہیں انھیں مزید موقع ملا تو ڈر ہے پاگل خانے بنوانے نہ شروع کر دیں۔ اب قوم جاگ چکی ہے، ان حکمرانوں کا حساب ہو گا، کسی سے گھڑی، کسی سے گاڑی کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر احتساب کا کڑا نظام متعارف کروائے گی، لٹیروں کو جیلوں میں جانا ہو گا، اگر جیلیں کم پڑ گئیں تو جماعت اسلامی ملک لوٹنے والوں کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر جیلیں بنوائے گی۔
امیر جماعت نے کہا کہ اس وقت پی ڈی ایم کی تیرہ جماعتیں مرکز میں، پیپلزپارٹی 15برسوں سے سندھ اور پی ٹی آئی گلگت بلتستان اور پنجاب کے علاوہ 10برسوں سے خیبرپختونخوا میں حکومت کر رہی ہے، یہ حکمران جماعتیں قوم کو اپنی کارکردگی بتائیں، انھوں نے مل کر ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کیا، ریمنڈ ڈیوس اور ابھی نندن کو رہا کیا، یوسف رمزی اور ایمل کانسی کو ہاتھ باندھ کر امریکیوں کو دیا، کشمیر پر پسپائی اختیار کی۔ جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو ہم ڈاکٹر عافیہ کو امریکا سے واپس لائیں گے اور کشمیریوں کو بھارتی ظلم و ستم سے نجات دلا کر آزاد کروائیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ وسائل سے مالامال ملک میں عوام بے حال ہیں۔ لاکھوں ایکڑ زرخیز زمینوں کے ملک میں کسان بھوکے سوتے ہیں، ملک پر ساڑھے 62ہزار ارب کا قرضہ، حکمرانوں نے عوام کو آئی ایم ایف اور امریکا کا غلام بنا دیا ہے۔ حکمران طبقہ سودی معیشت کو جاری رکھنے پر بضد ہے، سود خوروں سے امید نہیں کہ وہ سود ختم کریں گے۔ کرپشن عام ہے، روزانہ پانچ ہزار ارب روپے کا غبن ہوتا ہے۔ عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو ہم کرپشن فری اور قرض فری اسلامی پاکستان بنائیں گے۔ نوجوانوں کو روزگار دیں گے، بزرگوں کو بڑھاپا الاؤنس دیا جائے گا، پڑھے لکھے نوجوانوں میں سرکاری زرعی اراضی تقسیم کریں گے، عدالتوں میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کریں گے، ملک کو یکساں نظام تعلیم دیں گے، صحت کی سہولتیں سب کے لیے اوروسائل کو عوام پر خرچ کیا جائے گا۔