علماء کی دعاؤں اور برکتوں سے کام سیدھے ہو رہے ہیں: چوہدری پرویز الٰہی


لاہور(صباح نیوز)وزیرِاعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ علما ء کی دعاؤں اور برکتوں سے سارے کام سیدھے ہو رہے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے صدر وفاق المدارس العربیہ مولانا تقی عثمانی کی قیادت میں علما کے وفد نے ملاقات کی ہے۔

علما ء سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف قرآن اینڈ سیرت اسٹڈیز کا متحدہ علما بورڈ پنجاب ترمیمی بل اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جا رہا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں نے وزارتِ اعلیٰ سنبھالنے کے بعد فورا قرآن بورڈ کو بحال کیا۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں ہر سکول اور کالج کے طلبہ کے لئے ناظرہ اور ترجمہ قرآن پڑ ھنا لازمی کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کا ذہن دین کی طرف راغب ہوگا تو ایک قوم بنے گی، ناظرہ اور ترجمہ قرآن پڑھانے کے لئے علما اور حفاظ کے لیے 1لاکھ ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالی نے نجی سطح پر سود کے خاتمے کے لیے پہلی قانون سازی کا اعزاز عطا کیا ہے، ہم نے نجی سطح پر سود لینے پر 10 سال کی سزا مقرر کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت کے لیے قانون سازی کی گئی، پہلی بار نکاح نامے میں عقیدہ ختمِ نبوت کو شامل کیا گیا ۔مولانا تقی عثمانی نے اس موقع پر کہا کہ دین کی خدمت کی برکات سے ہی آپ کی حکومت چلے گی۔

انہوں نے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آپ دین کی خدمت کر رہے ہیں، علما آپ کے لیے دعا گو ہیں۔