تحریکِ انصاف کی ساری قیادت مقدمات کی زد میں ہے،قاسم سوری


کوئٹہ(صباح نیوز) سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کی ساری قیادت مقدمات کی زد میں ہے۔

اعظم سواتی کو عدالت میں پیش کئے جانے کے موقع پر پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی ضلع کچہری پہنچے۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے اعظم سواتی کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا ہے،اعظم سواتی کیا کوئی غیر ملکی جاسوس ہیں، انہوں نے آخر کیا کیا ہے؟  میں سمجھتا ہوں کہ بلوچستان کو اس طرح کے کاموں میں استعمال کرنا زیب نہیں دیتا، شدید سردی میں بزرگ رہنما کے خلاف پولیس کی کارروائی قابلِ مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اظہارِ رائے پر پابندی کی اس سے بری مثال کہیں نہیں ملتی، عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج نہیں ہو رہا، اس کے برعکس تحریکِ انصاف کی ساری قیادت مقدمات کی زد میں ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کی کوششوں سے این آر او ٹو لینے والوں سے قوم کی جان چھوٹے گی۔