اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی آجکل انٹرویوز کے ذریعہ خود سے اسٹیبلشمنٹ کے دھوکہ کا ناٹک کھیل رہے ہیں۔
ان خیالات کااظہار احسن اقبال نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت سب کو معلوم ہے کہ 2018میںآرٹی ایس سسٹم بٹھا کر اسٹیبلشمنٹ انتہا کا ایکسپوز ہو کر انہیں برسراقتدار لائی۔
اس پاداش میں وہ انہیں کامیاب کرانے کے لئے ان کے ہر طرح کے نخرے اٹھاتی رہی،انکی نالائقیوں کو کور کرتی رہی،ان کو مخالفین اور میڈیا کا گلہ گھوٹنے کی کھلی اجازت ملی،سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے روندنے پہ آنکھیں بند رکھیں مگر جب نیازی صاحب فیل در فیل ہوتے رہے اور اس کا ملبہ اسٹیبلشمنٹ پر ناقابل برداشت ہو گیا تو اس نے ان سے فاصلہ اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔