لوکل باڈیزالیکشن کے دوران ہرسطح پرترازو کے پینل لائیں گے،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ لوکل باڈیزالیکشن کے دوران ہرسطح پرترازو کے پینل لائیں گے ،ذمہ داران بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جنگی بنیادوں پرورکنگ کریں۔

صوبے، اضلاع اورزونزسطح تک عمائدین کی سیاسی مشاورتی کونسل قائم کررہے ہیں جن کے متحرک کردارسے تنظیم کوسیاسی وسعت حاصل ہوگی ۔

پنجاب مسائل کا گڑھ بن چکاہے قومی ،صوبائی اوربلدیاتی امیدوارعوامی مسائل کواجاگرکرکے ان کے حل کے لیے موثرعملی اقدامات کریں ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے نا ئب امیرصوبہ وصدرسیاسی کونسل ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی کی زیرصدارت منعقدہ صوبائی سیاسی پارلیمانی کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امیرصوبہ حافظ تنویراحمد،صوبائی سیکرٹری سیاسی کونسل رسل خان بابر، صدرجے آئی یوتھ پنجاب اویس اسلم مرزا ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت صوبائی سیاسی کونسل کے ارکان نے بھی اظہارخیال کیا۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ چترال سے گوادر،خیبرتاکراچی تبدیلی تباہ کن ثابت ہوئی بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی بجائے وہاں کے عو ام کو دیوارسے لگاناخطرناک کھیل ہے دسمبر پہلے ہی بہت زخم دے چکا پاکستان مزید کسی زخم کا متحمل نہیں ہوسکتا ،گوادرمیں جماعت اسلامی کے قائد مولاناہدایت الرحمن سیاست سے بالاترہوکرمسائل کواجاگر کررہے ہیں جوقابل تحسین ہے غریب مچھیروں سے روزگارچھین کرسمندرمافیاز کے حوالے کرنے ثابت ہورہا ہے کہ بلوچ اور وفاقی حکومت مسائل کے حل کی بجائے مافیا کی سرپرستی کررہی ہے۔

انھوں نے کہاکہ گوادراوربلوچستان میں سیکورٹی کے نام پرتذلیل کا سلسلہ بند ہوناچاہیے ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد زیادہ حساس ایریا ہے اگریہاں فزیکلی چیک پوسٹ ختم کرکے ضرورت کے مطابق ڈیجیٹل چیک پوسٹ قائم ہوسکتی ہیں توگوادرسمیت بلوچستان اور خیبرپختونخواکے علاقو ں میں بھی ایساممکن بنایاجاسکتا ہے تاکہ عوام سیکورٹی کواذیت کی بجائے سہولت محسوس کرے۔