پشاور ریڈ زون میں احتجاج ،پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ایف آئی آر میں نامزد


پشاور(صباح نیوز)پشاور میں خیبرروڈ، ریڈ زون میں کور کمانڈر کے گھرکے باہر احتجاج کرنے پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فضل الٰہی بھی ایف آئی آر میں نامزد کردیا گیا ۔

خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی کی گرفتاری سے متعلق ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو خط لکھ دیا گیا

سرکاری خط سی سی پی او پشاور کی جانب سے لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ فضل الٰہی نے پشاور کے ریڈ زون میں کور کمانڈر پشاور کے گھر کے باہر مظاہرہ کیا تھا، ایک مہینہ قبل ہونے والے مظاہرے کی ویڈیو میں گالیاں بھی سنی جا سکتی ہیں۔

خط کے متن کے مطابق 3 نومبر کو درج کی گئی ایف آئی آر میں فضل الٰہی پولیس کو مطلوب ہیں، متعلقہ حکام کو ملزم کے کیس اور گرفتاری سے متعلق مطلع کیا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فضل الٰہی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر سے میری گرفتاری کی اجازت مانگی گئی ہے۔

فضل الٰہی نے کہا کہ پشاور میں موجود ہوں، تمام مقدمات کا سامنا کروں گا، پولیس جب بھی گرفتار کرتی ہے، کرے، مجھے کوئی پرواہ نہیں۔

ایم پی اے فضل الٰہی نے کہا کہ میں پشاور میں ہوں اور تمام مقدمات کا سامنا کروں گا، پولیس جب بھی گرفتار کرتی ہے کریں، کوئی پرواہ نہیں ۔پولیس نے دفعہ 427، دفعہ 353 اور دفعہ 341 کے تحت ایف آئی آر رجسٹرڈ کی ہے۔