لاہور(صباح نیوز)پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون اور ایم ٹوکچھ مقامات پر بند کی گئیں۔موٹر وے حکام کے مطابق موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک بند ہے جبکہ ایم 3شرقپور سے رجانہ انٹرچینج تک بند کی گئی۔
شدید دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایل ایس ایم ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک جبکہ موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند کی گئی ۔
دھند کی وجہ سے ایم ون، پشاور ٹول پلازہ سے رشکئی تک بند کی گئی،حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک روانی متاثر ہوئی ۔موٹر وے پولیس نے ڈرائیورز کو حکام کے ساتھ تعاون کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ موٹر وے پولیس کی جانب سے دھند کے سبب جاری کی گئی احتیاطی تدابیر میں کہا گیا کہ ڈرائیوڑ حضرات اپنی گاڑی کی رفتار مناسب رکھیں، رات کے وقت سفر سے گریز کریں۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑیوں میں سفر کرنے والے اپنی سواریوں میں فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں اور دوران سفر محفوظ فاصلہ قائم رکھیں۔اس کے علاوہ دھند کی صورت میں ڈبل اشاروں(ہیزرڈ لائٹس)کا استعمال کریں اور شدیددھند کی صورت میں کسی سروس ایریا، ہوٹل یا پیٹرول پمپ پر رک جائیں۔